بھینسہ۔/31 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے بھٹی گلی میں ہرن کا زندہ بچہ دستیاب ہوا جس کو محلہ کی عوام نے محکمہ جنگلات کے عہدیداران کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے بموجب صبح کے اوقات میں شہر کے بھٹی گلی میں ہرن کا زندہ بچہ برآمد ہوا۔ جس پر محلہ کے افراد رامو اور دیگر نے محکمہ جنگلات کے عہدیداران فاریسٹ رینج آفیسر محمد عرفان الدین و عملہ کو اطلاع دی بعد ازاں محکمہ جنگلات کے عہدیدار محمد عرفان الدین نے ہرن کے بچہ کو اپنی تحویل میں لیکر محکمہ جنگلات کے نرسری کو روانہ کردیا۔
چیریال میں فوج کا فلیگ مارچ
مدور۔/31 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجوزہ قبل از وقت اسمبلی انتخابات کے تناظر میں پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے علاوہ رائے دہندوں میں اعتماد کی بحالی کے لئے آج چیریال ٹاون میں ریلوے پولیس سنٹرل ریزرس پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں پر مشتمل ایک ہزار سے زائد مسلح جوانوں نے معاون کمشنر آف پولیس حسن آباد ایس مہیندر کی قیادت میں اپنا فلیگ مارچ منعقد کیا جس کے باعث مقامی عوام بالخصوص اسکولی کمسن طلبہ میں نیا جوش و خروش دیکھا گیا۔ مسٹر نرسمہا ریڈی ایڈیشنل کمشنر پولیس سدی پیٹ نے اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے بے خوف و خطر ہوکر مقامی رائے دہندوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔