بھینسہ میں گریجویٹس و ٹیچرس ایم ایل سی انتخابات کا جائزہ

بھینسہ۔/13 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے ایم پی ڈی او دفتر میں محکمہ مال کے عہدیداران کیلئے ایک روزہ تربیتی کیمپ بضمن ایم ایل سی ( گریجویٹ اور ٹیچر س) انتخابات کا انعقاد زیر صدارت ضلع جوائنٹ کلکٹر بھاسکر راؤ عمل میں آیا جس میں اسپیشل تربیتی آفیسر ستیہ نارائن کے علاوہ بھینسہ آر ڈی او ای راجو اور ڈیویژن کے تمام تحصیلدار ، ایم پی ڈی او، آر آئیز ، وی آر اوز کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس تربیتی اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے ضلع جوائنٹ کلکٹر بھاسکر راؤ نے کہا کہ 22 مارچ کو منعقد شدنی متحدہ اضلاع عادل آباد، کریم نگر، نظام آباد اور میدک کے ایم ایل سی ( گریجویٹ اور ٹیچرس ) انتخابات کیلئے بھینسہ ڈیویژن میں 8 پولنگ مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔ جس کی نگرانی ریٹرننگ آفیسر انجام دیں گے۔ بعد ازاں اسپیشل تربیتی آفیسر ستیہ نارائن نے ڈیویژن کے تمام محکمہ مال کے عہدیداران کو تربیت فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ مراکز پر رائے دہندوں کیلئے تمام تر انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے گریجویٹ حلقہ اور ٹیچرس حلقہ کیلئے علحدہ علحدہ بیالٹ پیپرر کھے جائیں اور پولنگ مراکز پر رائے دہندوں کو تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے سخت نظر رکھتے ہوئے ایم ایل سی انتخابات کو صاف و شفاف انداز میں گذارنے کیلئے اقدامات کریں اور عہدیداران اپنی خدمات کو بخوبی انجام دیتے ہوئے کسی بھی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی نہ برتیں۔ اس تربیتی اجلاس میں ڈیویژن کے تمام محکمہ مال کے عہدیداران کو تربیت فراہم کی گئی۔