بھینسہ ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : گذشتہ شام کے اوقات میں بھینسہ ڈیویژن کے مختلف مقامات اور شہر میں گرج و چمک کے ساتھ زبردست تیز بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے موسم خوشگوار اور ٹھنڈا ہوگیا۔ بارش کے ساتھ بجلی بھی گر پڑی جس کی وجہ سے ایک کاشتکار نوجوان شخص برسر موقع فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب کنٹالہ منڈل کے موضع لمباڈا کا متوطن 30 سالہ سنکری لکشمن نامی کاشتکار حسب معمول اپنے کھیتوں میں کام انجام دے رہا تھا ۔ اسی اثنا میں اچانک تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور ساتھ ہی اس شخص پر بجلی گر گئی جس کی وجہ سے یہ نوجوان برسر موقع فوت ہوگیا۔ بعد ازاں نعش کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کے لیے لایا گیا اور بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثہ کے حوالے کردیا گیا ۔ اس ضمن میں کنٹالہ پولیس نے ایک کیس درج کرلیا ۔۔
ظہیر آباد میں آج حج تربیتی کیمپ
ظہیر آباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر سنگاریڈی ڈسٹرکٹ حج کمیٹی الحاج سید شاہ عزیز الدین قادری نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ ضلع کے تمام عازمین حج کے لیے ایک تربیتی حج کیمپ 24 جون اتوار ہری مسجد محلہ گڑھی میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر مقامی و غیر مقامی علماء کرام کے خطابات ہوں گے ۔ جب کہ عازمین حج کے لیے بعد نماز ظہر طعام کا انتظام رہے گا ۔ تفصیلات کے لیے 9399965126 ۔ 9393375187 اور 9666383009 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔ خواتین کیلئے پردہ کا معقول نظم رہے گا ۔۔