بھینسہ /23 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ بس اسٹانڈ کے روبرو مصروف ترین شاہراہ پر کاشتکاروں نے احتجاج منظم کرتے ہوئے راستہ روک دیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی قطاریں جمع ہوگئی ۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے بتایا کہ بھینسہ زرعی مارکٹ کی جانب سے تور خریدی کیلئے ٹوکن کی اجرائی عمل میں لائے جانے کے باوجود بھینسہ مرچی کمپاونڈ احاطہ میں واقعہ تور خْریدی سرکاری مرکز پر تور کی خریدی نہیں کی جارہی ہے اور تور خریدی سرکاری مرکزی بند ہونے کی اطلاع دی جارہی ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو زرعی مارکٹ سے ٹوکن حاصل کرنے کے باوجود بھی اپنے کٹوائی کی ہوئی فصل تور کی فروختگی کو لیکر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور خانگی ایجنٹ و ادارے فصل کی مکمل قیمت ادا نہ کرتے ہوئے خریدی کر رہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے کاشتکار طبقہ اپنی فصل کی صحیح قیمت حاصل نہ ہونے اور سرکاری خریدی مرکز بند ہونے کی وجہ سے پریشان حال ہے ۔ کاشتکاروں نے اپنے احتجاج میں شدت پیدا کردی ۔ جس کی اطلاع پاکر محکمہ پولیس کے عہدیداران مقام احتجاج پہونچکر احتجاجی کاشتکاروں کو احتجاج ختم کرنے ترغیب دی ۔ بعد ازاں مارکفیڈ عہدیدارںو نے کاشتکاروں سے بات چیت کی اور 20 فروری تک کاشتکاروں کو فراہم کردہ زرعی مارکٹ ٹوکن کی بنیاد پر تور کی سرکاری خریدی کرنے کا تیقن دیا ۔ جس پر کاشتکاروں نے اپنی فصل تور کو بھینسہ مرچی کمپاونڈ احاطہ میں موجود تور خریدی سرکاری مرکز پر فروخت کیا ۔