بھینسہ۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دور جدید میں طلباء و طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹکنالوجی سے آراستہ فنی تعلیم میں دلچسپی لیتے ہوئے اپنے اندر تمام شعبوں کی قابلیت کو پروان چڑھانے میں آگے آئیں کیونکہ موجودہ دور جدید ٹکنالوجی کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی نے بھینسہ شہر کے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کے طلباء و طالبات میں چھ ماہ ڈپلومہ کورسیس کے اسنادات کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزیر ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ ریاست کے چھوٹے سے چھوٹے مقامات پر رہنے والے طلباء و طالبات کو تکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے موثر اقدامات کیلئے کوشاں ہیں تاکہ ریاست کے تمام طلباء و طالبات تکنیکی تربیت پاکر خودمکتفی بنتے ہوئے کسی بھی مقام پر خدمات انجام دے سکیں۔ انہوں نے بھینسہ شہر کے کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر اردو اکیڈیمی کیلئے مستقل عمارت اور تمام عصری سہولیات کو ایک سال کے اندر حل کرتے ہوئے بھینسہ شہر کے اقلیتی طلباء و طالبات کو کمپیوٹر کی تربیت فراہم کرنے کیلئے تمام سہولیات اور مزید کمپیوٹر فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلقہ مدہول کے اقلیتی طلباء کیلئے بھینسہ شہر میں اقلیتی اسٹڈی سنٹر قائم کرنے کیلئے تلنگانہ کے چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے نمائندگی کرنے کا تیقن دیا۔