بھینسہ /6 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں گذشتہ تین روز قبل پیش آئے غیر اخلاقی واقعہ میں ڈیوٹی نرس کو باہر کے غیر افراد نے طمانچہ رسید کیا جس پر ضلع نرمل DCHO ڈاکٹر سریش نے آج بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشی ناتھ و دیگر ڈاکٹرس اور نرسیس ، سیکیوریٹی عملہ کے علاوہ ہاسپٹل کے تمام عملہ کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ بعد ازاں سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشی ناتھ نے بتایا کہ تین روز قبل پیش آئے غیر اخلاقی واقعہ میں ملوث نرسیس انورادھا اور منجوشا کو معطل کردیا گیا جبکہ انورادھا کو ضلع نرمل DMHO دفتر کو روانہ کردیا گیا جوکہ DMHO دفتر سے ہی بھینسہ گورنمنٹ ہاسپٹل پر تبادلہ پر آئی ہوئی تھی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ DCHO ڈآکٹر سریش نے بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو سے بات کرتے ہوئے رات کے اوقات میں ہاسپٹل میں پولیس پٹرولنگ کروانے اور پولیس آوٹ پوسٹ قائم کرتے ہوئے غیر افراد کے موٹر سائیکلوں کو ہاسپٹل احاطہ میں پارکنگ کرنے سے روکنے کیلئے اقدامات کروانے کیلئے نمائندگی کی اور ہاسپٹل میں مزید کثیر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لانے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ آخر میں تمام عہدیداران اور عملہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی خدمات کو بخوبی انجام دیتے ہوئے مریضوں کی تشخیص کی جائے اور کسی بھی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیں ورنہ ایسی صورت میں سخت اقدامات کرتے ہوئے کارروائی کی جائے گی ۔