بھینسہ ۔19ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں گنیش وسرجن جلوس اور عیدالاضحیٰ ایک ہی دن جمعہ کے روز 25ستمبر کو ہونے کے پیش نظر پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات اور شہر میں پولیس پٹرولنگ میں کافی شدت دیکھی جارہی ہے ۔ بھینسہ سرکل انسپکٹر آف پولیس مسٹر واسو دیو راو نے گنیش اُتسو کے موقع پر پولیس انتظامات سے متعلق ’’سیاست نیوز‘‘ کو بتایا کہ بھینسہ شہر میں چھوٹی بڑی جملہ 110 گنیش کی مورتیاں بٹھائی گئی ہے اور شہر میں نو دن کا گنیش اتسو منایا جارہا ہے جس کے پیش نظر پولیس کی جانب سے مزید فورس شہر میں تعینات کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں دو سرکل انسپکٹر ‘ 6 سب انسپکٹران ‘ 60 سیول پولیس فورس ‘ 100 آرمڈ جوان ‘ 180ہوم گارڈ ‘ اسپیشل پولیس دو سیکشن (20جوان ) کے علاوہ آنسو گیس کے شل برسانے والی گاڑی ایک ‘ بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کو شہر میں امن و امان کی برقراری کیلئے متعین کیا گیا ہے اور شہر کے مساجدوں ‘ منادر اور گنیش مورتیوں کے اطراف بندوبست کیلئے ایک ‘ ایک کانسٹبل کو متعین کیا گیا ہے ۔ نیز شہر میں داخل ہونے والی شاہراہوں ‘ نرمل شاہراہ بھوکر سہ راہ ‘ پارڈی شاہراہ اور گڈنا واگو پراجکٹ پر پولیس چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں تاکہ شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور غیر شہریوں کی تنقیح کی جاسکے ۔