بھینسہ۔/29مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ پولیس کی جانب سے ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو کی قیادت میں صبح کی اولین ساعتوں میں بھینسہ منڈل کے موضع پینڈ پلی میں کارڈن سرچ آپریشن انجام دیا گیا۔ جس میں ڈی ایس پی بھینسہ بی راجیش ، ٹاون سرکل انسپکٹر سرینواس ، رورل سرکل انسپکٹر پراوین کمار، رورل سب انسپکٹر پونم چندر کے علاوہ ڈیویژن کے سب انسپکٹران موجود تھے۔ کارڈن سرچ کے دوران پولیس نے گھر گھر تلاشی لی۔ بعد ازاں ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو نے موضع پینڈ پلی کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کا مقصد سماج کو غیرقانونی سرگرمیوں سے پاک بناتے ہوئے نظم و ضبط کو فروغ دینا ہے۔ جس کے لئے کارڈن سرچ آپریشن انجام دیا جارہا ہے اور آج کارڈن سرچ میں تلاشی کے دوران دستاویزات کی عدم موجودگی پر 38 موٹر سیکلیں، 8 ٹاٹا میجک آٹوز، 2 کار، ایک ٹریکٹر اور ایک بولیرو کار کو ضبط کیا گیا جو قانونی کارروائی کرتے ہوئے دستاویزات کی تنقیح کرتے ہوئے بقیہ کارروائی انجام دیا جائے گا۔ قبل ازیں ڈی ایس پی بھینسہ بی راجیش نے بھی خطاب میں نظم و ضبط کی برقراری، قومی یکجہتی کے فروغ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔