بھینسہ میں پانی کے تحفظ کے ضمن میں شعور بیداری پروگرام

بھینسہ 29 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دورِ حاضر میں پانی تمام جانداروں کے لئے سب سے سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے کیوں کہ پانی کی کمی کی وجہ سے انسان ہی نہیں بلکہ جانور بھی دوڑ دھوپ کررہے ہیں۔ اس کے باوجود بھی پانی کا حصول ناممکن نظر آرہا ہے۔ اس لئے پانی کے استعمال میں احتیاط اور پانی ضائع کرنے سے اجتناب ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین تحفظ پانی حیدرآباد کمیٹی جے سرینواس راؤ، نرسمہا راؤ نے آج بھینسہ بلدیہ میں منعقدہ اجلاس میں بلدی عہدیداروں اور عوام سے خطاب کے دوران کیا۔ انھوں نے کہاکہ پانی کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنائیں تاکہ زیرزمین پانی کی سطح میں کمی نہ ہو اور زیر تعمیر عمارت ہو یا مکان میں بورویل اور بارش کے پانی کے تحفظ کیلئے ایک آلہ تیار کرتے ہوئے فاضل پانی کو فلٹر کرتے ہوئے اسے زمین میں جذب کرنے کے لئے شعور بیداری پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر بھینسہ بلدیہ ٹاؤن پلاننگ آفیسر انصار اور دیگر موجود تھے۔