بھینسہ۔3ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ منڈل کے موضع دیگاؤں کے وظیفہ یابوں ‘بیواؤں ‘ معذورین اور معمرین نے حکومت کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے راستہ روک کر احتجاج منظم کیا ۔ وظیفہ یاب دفتروں کے چکر لگارہے ہیں اور عہدیداران سے پوچھے جانے پر مناسب جواب نہیں مل پارہا ہے ۔اس وجہ سے دیگاؤں موضع کے وظیفہ یابوں بھینسہ ‘نظام آباد مصروف شاہراہ پر تقریباً ایک گھنٹہ راستہ روک کر احتجاج منظم کیا جس کی وجہ سے سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کی قطاریں جمع ہوگئی ۔ اس کی اطلاع پاکر بھینسہ رورل سب انسپکٹر گنونتراؤ مقام واقع پہنچ کر وظیفہ یابوں کو دھرنا بند کرنے اور ٹریفک کو بحال کرنے کیلئے کہا لیکن وظیفہ یابوں نے اس دھرنے کو جاری رکھا ۔ بعد ازاں بھینسہ ایم پی ڈی او محمد ضیاء الدین نے مقام واقعہ پہنچ کر وظیفہ یابوں کو تیقن دیا کہ بہت جلد تمام وظیفہ یابوں کے ناموں کی کارروائی کرتے ہوئے حکومت سے نمائندگی کی جائے گی ۔ ایم پی ڈی او کے اس تیقن پر وظیفہ یابوں نے دھرنا بند کیا ۔