بھینسہ میں نوجوان کی خودکشی

بھینسہ۔/8 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے گڈنا واگو پراجکٹ میں ایک نوجوان نے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی جو ڈگری سال دوم کا طالب علم بتایا گیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب تانور منڈل کے موضع بل تروڑا کا متوطن 20 سالہ ستیش جو ڈگری سال دوم کا طالب علم ہے اور امتحان کے دوران طبیعت کی خرابی کی وجہ سے تعلیم میں توجہ نہ دیتے ہوئے ڈگری سال دوم کے امتحانات کی فیس داخل نہیں کیا جس پر اس کے افراد خاندان ماں اور باپ نے تعلیم کی اہمیت سے واقف کروایا اور امتحان فیس داخل نہ کرنے پر ڈانٹ ڈپٹ کی جس سے دلبرداشتہ ہوکر ستیش دماغی طور پر پریشان ہوگیا اور گذشتہ روز صبح اپنے بڑے بھائی سے ملنے آیا جو بھینسہ کے ایک خانگی دواخانہ میں سڑک حادثہ سے شکار ہونے کی وجہ سے زیر علاج ہے۔ بڑے بھائی سے ملاقات کے دوران ستیش کو بڑے بھائی نے بھی تعلیم میں توجہ لینے پر زور دیا جس سے دلبرداشتہ ہوکر ستیش نے بھینسہ شہر کے گڈنا واگو پراجکٹ میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ جس پر اس کے ماں باپ نے آج صبح بھینسہ پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع پاکر بھینسہ پولیس نے نعش کو گڈنا واگو پراجکٹ سے نکالتے ہوئے بغرض پوسٹ مارٹم گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا اور پنچنامہ کے بعد ایک کیس درج کرتے ہوئے ایس آئی راجنا نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا۔