رکن اسمبلی وٹھل ریڈی کا ایریا ہاسپٹل کا دورہ، سخت کارروائی کا انتباہ
بھینسہ۔/5 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل کا رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی نے دورہ کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشی ناتھ اور ڈاکٹر جی سریندر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے گزشتہ دو دن قبل پیش آئے غیر اخلاقی واقعہ میں ایک نرس کو غیر عہدیدار و غیر ملازم شخص نے ایریا ہاسپٹل میں ڈیوٹی کے دوران طمانچہ رسید کیا تھا جو سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوچکا ہے جس کی تمام تفصیلات سے رکن اسمبلی نے واقفیت حاصل کی اور ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ غیر اخلاقی حرکت میں شامل نرس اور دیگر عہدیداروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور اس جانب ضلعی اعلیٰ حکام کو واقف کرواتے ہوئے اس طرح کی غیر اخلاقی حرکت کو مستقبل میں نہ ہونے کیلئے کڑی سے کڑی نظر رکھی جائے اور ہاسپٹل میں تمام مریضوں کی صحیح تشخیص کرنے کیلئے خدمات کو بخوبی انجام دیا جائے۔ انہوں نے ایریا ہاسپٹل میں پولیس آؤٹ پوسٹ سنٹر کو بحال کرنے کیلئے ضلع ایس پی کی توجہ مبذول کرنے اور پولیس عہدیداران کو متعین کرنے کا ارادہ ظاہر کیا اور ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں ہاسپٹل کے کسی بھی عہدیدار یا ملازم کی جانب سے باہر کے غیر افراد کے ساتھ ربط پیدا ہونے پر ان عہدیداروں کو فوری معطل کرتے ہوئے غیر اخلاقی حرکتوں سے ایریا ہاسپٹل کو محفوظ رکھا جائے اور تمام عہدیداران صرف اور صرف مریضوں کی تشخیص پر توجہ مبذول کریں۔ آخر میں انہوں نے ہاسپٹل کے عملے اور سیکوریٹی عملہ سے تمام تفصیلات سے واقفیت حاصل کی اور اپنی خدمات کو بخوبی انجام دینے کا حکم دیا۔