بھینسہ میں نامعلوم شخص کا کٹا ہوا سر دستیاب

عوام میں خوف و دہشت کی لہر ، پولیس سرگرمی سے تحقیقات میںمصروف
بھینسہ /9 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہر کے مصروف ترین علاقہ نرسمہا نگر روڈ ڈآکٹرس لائین و گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل کے عقبی حصہ میں صبح کے اوقات میں بلدیہ عملہ کو صاف صفائی کے دوران ایک تھیلہ میں کٹا ہوا نامعلوم فرد کا سر دستیاب ہوا ۔ جس کی وجہ سے شہر میں سنسنی پھیل گئی اور عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہشہر کے بس اسٹانڈ کے قریب نرسمہا نگر روڈ ڈاکٹرس لائین میں محکمہ بلدیہ کا عملہ صبح کے اوقات میں صاف صفائی کے کام انجام دے رہا تھا اس دوران سڑک سے منسلک ڈرین سے اوپر ایک تھیلہ دیکھائی دیا جس کو اٹھانے پر اس تھیلہ سے انسان کا کٹا ہوا سر برآمد ہوا جس کے ساتھ بلدیہ عملہ کی چیخ نکل گئی اور کئی افراد جمع ہوگئے ۔ ساتھ ہی بھینسہ پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ اطلاع کے ساتھ ہی ڈی ایس پی بھینسہ اندے راملو ، سرکل انسپکٹر ٹاون وی سرینواس ، سرکل انسپکٹر رورل پراوین کمار کے علاوہ ٹاون سب انسپکٹران پونم چندرا ، اے تروپتی ، رورل سب انسپکٹر چندر شیکھر کے علاوہ اے ایس آئی محمد غوث اور پولیس جوانوں کی کثیر تعداد مقام واقعہ پہونچ گئی اور کٹے ہوئے سر کا مکمل معائنہ کرتے ہوئے تھیلہ کی جانچ کی جس میں خاتون کے کپڑے ایک چٹائی پائی گئی جسم کے دیگر کچھ بھی یشیاء برآمد نہیں ہوئی ۔ اس دوران پولیس نے کٹے ہوئے سر کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے تحقیقات میں شدت پیدا کرتے ہوئے ڈاگ اسکواڈ ماہرین فنکرس پرنٹ کے علاوہ دیگر ماہرین تحقیقات کو طالب کرلیا اور ڈاک اسکواڈ کی ٹیم ذریعہ تحقیقات کا آغاز کرنے پر ڈاگ اسکواڈ ٹیم نرمل چوراستہ شیواجی چوک پر بے بس ہوگئی ۔ بعد ازاں ڈی ایس پی بھینسہ اندے راملو نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ صبح اوقات میں نامعلوم شخص کا کٹا ہوا سر برآمد ہوا ہے جس کو کسی دوسرے مقام پر قتل کرتے ہوئے اس کے کٹے ہوئے سر کو بھینسہ شہر میں ڈاکٹرس لائین نرسمہا نگر سڑک پر پھینک دیا گیا ہے اور اس نامعلوم شخص کی عمر تقریباً 30 سے 35 سال ہونے کا اندازہ کیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب حقائق کو منظر عام پر لانے کیلئے پر زایویوں سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ نامعلوم کٹے ہوئے سر کی شناخت نہیں ہوئی ہے ۔ اس علاقہ کے تمام سی سی کیمروں کی جانچ کرتے ہوئے مشاہدہ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نامعلوم شخص کو انتہائی بے دردی کے ساتھ چہرہ پر حملہ کرتے ہوئے سر جسم سے علحدہ کردیا گیا ہے ۔ ڈیا ایس پی اندے راملو نے عوام سے خواہش کی ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیتے ہوئے پولیس تحقیقات میں تعاون کرے اور نامعلوم شخص سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات و اطلاع ملنے پر پولیس کو مطلع کریں ۔ بھینسہ ڈی ایس پی نے شہر میں ڈیویژن کی تمام پولیس کو طلب کرتے ہوئے متحرک کردیا اور نامعلوم شخص کے کٹے ہوئے سر کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل کے فرینج میں محفوظ کردیا گیا ۔