بھینسہ میں مسلم نوجوان کی نعش دستیاب

بھینسہ /29 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ کے قریبی موضع بس اور مالیگاؤں کے قریب بھینسہ کے مسلم نوجوان کی نعش مشتبہ حالت میں موٹر سائیکل کے ہمراہ برآمد ہوئی ۔ تفصیلات کے بموجب گذشتہ شام کے اوقات میں کوبیر منڈل کے موضع مالیگاؤں کے کچھ افراد نے سڑک سے متصل ایک موٹر سائیکل اور اس کے نیچے ایک نعش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس پر بھینسہ پولیس نے مقام واقعہ کا پنچنامہ کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم بھینسہ سرکاری دواخانہ منتقل کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا ۔ بعد ازاں نعش کی شناخت شہر کے 28 سالہ شیخ کریم او یس نگر سے کی گئی جو کینی پالج موضع میں شادی کی تقریب کی غرض سے اتوار کے روز مکان سے نکلا تھا اور گذشتہ روز مالیگاؤں اور کمیٹی کے درمیان مشتبہ حالت میں نعش دستیاب ہوئی ۔ بھینسہ رورل پولیس کے مطابق دو سے تین دن قبل سڑک حادثہ کی وجہ سے یہ شخص فوت ہوگیا اور موٹر سائیکل کے ہمراہ سڑک سے متصل نیچے گر گیا جس کی وجہ سے نعش سے بو آنا شروع ہوگئی تھی ۔ اس ضمن میں رورل پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد نعش کو ورثہ کے حوالے کردیا ۔ بتایا گیا ہے کہ متوفی کے پسماندگا ن میں اہلیہ کے علاوہ ایک لڑکی شامل ہیں ۔