بھینسہ میں محکمہ اوزان و پیمائش کی جانب سے دکانوں کی تنقیح

بھینسہ۔21 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں محکمہ اوزان و پیمائش کے عہدیداران کی ٹیم نے دورہ کرتے ہوئے سونا چاندی مارکٹ، کرانہ دکانوں اور کاٹن فیاکٹریوں پر دھاوے کرتے ہوئے ترازو اور پتھروں کی تنقیح کی۔ اس ٹیم میں متحدہ ضلع کریم نگر اسسٹنٹ کنٹرولر وجئے ساردھی کے علاوہ متحدہ ضلع عادل آباد کے عہدیداران جن میں پی رویندر ڈی ایل ایم اور ایم اے جلیل، ڈی ایل ایم او، روپیش کمار، آئی ایل ایم او، عزیز پاشاہ، آئی ایل ایم او اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر محکمہ اوزان و پیمائش کے اسسٹنٹ کنٹرولر وجئے ساردھی نے میڈیا کو بتایا کہ بھینسہ میں سونا چاندی کی دکانیں، کرانہ دکانیں اور کاٹن فیاکٹریوں پر دھاوا کرتے ہوئے رجسٹریشن کے علاوہ ناپ تول کے ترازو اور پتھروں کی تنقیح کی گئی تاکہ ناپ تال کے ذریعہ عوام کو کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی نہ کی جائے اور عوام کو انصاف کے ساتھ اشیاء فروخت کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن اور ترازوں و پتھروں کی عدم موجودگی پر جرمانہ عائد کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں کارروائی بھی کی جائے گی تاکہ دکان مالکین و ذمہ داران ناپ تال کے نظام کو بہتر انداز میں انجام دیتے ہوئے عوام کو کوئی دھوکہ نہ دے سکیں۔