بھینسہ میں سڑک حادثہ ‘ آر ٹی سی بس الٹ گئی

ڈرائیور ‘ کنڈکٹر بشمول کئی افراد زخمی‘ پولیس مصروف تحقیقات

بھینسہ ۔ 18 فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ ڈیویژن کنٹالہ منڈل مستقر پر ایک آر ٹی سی بس سڑک حادثہ کا شکار ہو کر سڑک سے متصل کھیتوں میں پلٹ گئی جس میں ڈرائیور اور کنڈاکٹر کے بشمول مسافرین شدید زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب آر ٹی سی ڈپو کی بس نمبر 4761 AP28Z بھینسہ بس اسٹانڈ سے مسافرین کو بھر کر پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے موضع اپاراپیٹ جا رہی تھی لیکن کنٹالہ منڈل مستقر پر پولیس اسٹیشن کنٹالہ کے قریب ایک موڑ پر بس کا توازن بگڑجانے کے باعث حادثہ کا شکار ہو کر سڑک سے متصل کھیتوں میں جا گری اور پلٹ گئی ۔ جس وجہ سے مقام حادثہ پر ایک دلخراش حادثہ دکھائی دے رہا تھا اور مقام حادثہ پر موجود راہگرخوف و الم کے ماحول میں مبتلاء ہوچکے تھے اور مسافرین کو بس کے شیشے (گلاس) توڑ کر باہر نکالا گیا ۔ اور فوراً ایمبولنس (108) کو طلب کرتے ہوئے زخمی مسافرین کو بھینسہ گورنمنٹ اور خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ اس سڑک حادثہ میں آر ٹی سی بس ڈرائیور ممتاز علی ‘ کنڈاکٹر گنگارام کے علاوہ گنگا بائی (55) ‘ کانتا بائی (35) ‘ لکشمی 32)) ‘ شوبھا (40) ‘ ایس سی راجو (54) ‘ ایس کریبا پیٹل (48) وجیہ (40) ‘ متوا (48) ‘ ساشیرام (36) زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک کمسن بچی زخمیوں میں شامل ہے ۔ زخمی مسافرین میں چار افراد کی حالت کافی تشویشناک بتائی گئی جن کو شدید چونٹیں آئی ہیں جس میں بس ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ اس حادثہ کی اطلاع پا کر کنٹالہ سب انسپکٹر ‘ محمد یونس علی نے مقام حادثہ کا معائنہ کرتے ہوئے ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ اور اس حادثہ کی اطلاع پا کر آر ٹی سی ڈپو بھینسہ کے عہدیداران و دیگر ڈرائیورس بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل و خانگی دواخانہ میں شریک تمام مسافرین کی عیادت کرتے ہوئے حادثے سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کی ۔