بھینسہ میں سب رجسٹرار آفس عمارت کا سنگ بنیاد

بھینسہ۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے چھوٹے اضلاع کا قیام عمل میں لائی ہے جس سے عوام کو مختلف محکمہ جات کے دفاتر کیلئے طویل مسافت طئے نہیں کرنی پڑے گی اور مسائل کی جلد از جلد یکسوئی عمل میں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی مدہول جی وٹھل ریڈی نے بھینسہ شہر میں سب رجسٹرار سرکاری مستقل عمارت کے سنگ بنیاد کی افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ تعلقہ مدہول کی عوام کی جائیداد رجسٹریشن کیلئے مکمل سہولیات فراہم کرنے کیلئے شہر کے وارڈ نمبر 15اے جی نگر علاقہ میں 52لاکھ کی لاگت سے عمارت تعمیر کروائی جارہی ہے۔ رکن اسمبلی نے تعلقہ مدہول کی ترقی اور مزید محکمہ جات کی مستقل سرکاری دفاتر کی عمارتوں کے قیام کیلئے عزم کیا اور تعلقہ کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے ہر ممکن نمائندگی کا تیقن دیا۔