بھینسہ۔/15مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل ہند کانگریس پارٹی نائب صدر و مرکزی قائد راہول گاندھی کی ریاست تلنگانہ میں کسانوں کی خودکشی کے اموات کی روک تھام اور کسانوں میں اعتماد بحالی کیلئے ’’ بھروسہ یاترا ‘‘ کے دورہ شیڈول میں تبدیلی ہونے کی وجہ سے ککانگریس نائب صدر مہاراشٹرا ناندیڑ سے بذریعہ موٹر کار نرمل روانگی سے قبل گزشتہ شب بھینسہ شہر میں سابق رکن اسمبلی موہول بی نارائن راؤ پٹیل کی قیامگاکملاکاٹن فیکٹری میں مختصر وقفہ کیلئے توقف کیا۔ راہول گاندھی کی بھینسہ آمد کی اطلاع پر بھینسہ کے کانگریس قائدین میں زبردست جوش و مسرت دیکھی گئی اور ان کے استقبال کیلئے نارائن راؤ پٹیل کی قیادت میں سینکڑوں کانگریس قائدین کارکنان ہاتھوں میں کانگریس پارٹی کے پرچم تھامے ہوئے لبوں پر کانگریس پارٹی زندہ باد اور راہول گاندھی زندہ باد کے نعروں کو بلند کرتے ہوئے رات کے اوقات میں اس عظیم قائد کے انتظار میں مصروف دیکھے گئے۔ علاوہ ازیں راہول گاندھی کی بھینسہ آمد کی اطلاع پر محکمہ پولیس بھینسہ میں سخت انتظامات میں متحرک ہوگیا اور بھینسہ ڈی ایس پی اے راملو کی نگرانی میں محکمہ پولیس کے عہدیداران راہول گاندھی کی موٹر گاڑیاں آنے والی شاہراہ سے ٹریفک کے رُخ کو موڑ کر دوسری جانب ٹریفک انتظام کو تبدیل کیا۔ اس طرح سے کانگریس پارٹی کے عظیم مرکزی قائد راہول گاندھی نے دورہ تلنگانہ کے آغاز سے قبل پہلی مرتبہ ریاست تلنگانہ اور سرزمین بھینسہ پر قدم رکھا۔ کیونکہ بھینسہ ڈیویںن ریاست مہاراشٹرا کی سرحد پر موجود ہے۔ راہول گاندھی کی بھینسہ آمد پر سابق رکن اسمبلی مدہول بی نارائن راؤ پٹیل نے ان کی تاج پوشی اور شال پوشی کی اور کانگریس قائدین نے زبردست نعروں کی گونج میں راہول گاندھی اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے مرکزی قائد ڈگ وجئے سنگھ کا والہانہ استقبال کیا۔ بعد ازاں بھینسہ شہر میں مختصر سے وقفہ کے بعد ان قائدین نے نرمل کیلئے روانگی اختیار کی۔