لاری کی ٹکر سے بیل گاڑی میں سوار دو افراد ہلاک 7 زخمی
بھینسہ 29؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ شب بھینسہ ۔ بھوکر (مہاراشٹرا) شاہراہ پر موضع مانجری کے قریب پیش آیا جس میں بیل گاڑی میں سوار 9 افراد کے منجملہ (2) افراد لاری کے بیل گاڑی کو ٹکر مارنے کی وجہ سے برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب گذشتہ روز بھینسہ منڈل کے موضع مانجری کے 9 افراد بشمول خواتین بذریعہ بیل گاڑی پڑوسی موضع پانگری میں جاری ہفتہ وار ستہ گری مذہبی پروگرام میں شرکت کی غرض سے روانہ ہوئے اور شام میں اس مذہبی پروگرام میں پوجا کر کے موضع پانگری سے اپنے موضع مانجری گذشتہ شب تقریباً 11:00 بجے اسی بیل گاڑی سے واپس لوٹ رہے تھے کہ اسی اثناء میں گجرات سے ایک لاری ٹائیلس لیکر آندھرا کے علاقہ تاڑپلی جا رہی تھی اس لاری نے بیل گاڑی کے عقبی حصے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ دو افراد دھرماجی (45) سالہ اور اُتم (50) سالہ برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ دیگر سات 7 افراد بشمول خواتین شدید زخمی ہوگئے ۔ جبکہ سات زخمیوں کے منجملہ دو افراد کی حالت کافی تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ جو نظام آباد کے ایک دواخانے میں زیر علاج ہیں ۔اس حادثہ میں بیل گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور دو بیل بھی شدید زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ اس حادثہ کی اطلاع کے ساتھ موضع مانجری کے سیاسی قائد آنند راؤ پٹیل اور دیگر عوام مقام حادثہ پر پہنچ کر بھینسہ رورل پولیس کو اس کی اطلاع دی جس پر بھینسہ رورل سب انسپکٹر آف پولیس چندر شیکھر پولیس جمعیت کے ہمراہ مقام حادثہ پہنچ کر پنچنامہ کرتے ہوئے نعشوں کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا اور بعد پوسٹ مارٹم نعشوں کو ورثہ کے حوالہ کر دیا گیا ۔ اور اس ضمن میں بھینسہ رورل سب انسپکٹر چندرشیکھرر نے ایک کیس درج کیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔