بھینسہ میں تجارتی علاقہ ویران

بھینسہ۔24فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں آج تیسرے دن بھی بلدیہ کی جانب سے انہدامی کارروائی بڑے پیمانے پر جاری رہی ۔ آر ڈی او نرمل ارونا شری و ڈی ایس پی بھینسہ آر گریدھر ‘ انچارج وینکٹیشورلو ٹی پی او انصاری ‘ سرکل انسپکٹر وسودیوا راؤ و دیگر محکمہ مال و بلدیہ کے عملہ کی کثیر تعداد نے انہدامی کارروائی صبح 10بجے سے ہی شروع کردی ۔ آج جن مقامات پر انہدامی کارروائی کی گئی ان میں کپڑا مارکٹ میں چند ملگیات ‘ نرسمہا نگر نزدمولوی صاحب قبرستان کے باب الداخلہ پر واقع دکانات اور بس اسٹانڈ کے قریب واقع ہوٹلس و پان شاپس اور اولڈ ایس بی ایچ روڈ پر چند ملگیات شامل ہیں ۔ کل انہدامی کارروائی مکمل ہوجانے کے بعد پھر سے بس اسٹانڈ کے قریب واقع مزید پانچ فٹ اندر کی سمت بغیر اطلاع کے جے سی بی مشینوں کے ذریعہ نکال دیا گیا ‘ کیونکہ ان تاجرین کی تھوڑی سی جگہ باقی تھی جس پر مزید آج بلدیہ کے بے رحم عملہ نے پولیس کی موجودگی میں دوبارہ سامان سمیت ملگیات کو منہدم کردیا ۔ دیکھتے ہی دیکھتے بس اسٹانڈ کے روبرو ہوٹلس ‘ پان شاپس و دیگر کاروباری دکانات کو منہدم کر کے مکمل میدان بنا دیا گیا ۔ آج بھی تیسرے روز انہدام کے دوران اسکولوں کو تعطیل دے دی گئی اور صبح سے ہی شہر میں برقی منقطع تھی اور پٹرول پمپس بھی بند تھے اور شہر میں داخل ہونے کے تمام راستوں پر پولیس کی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھی ‘ پولیس پکٹس متعین دیکھے گئے ۔ بھینسہ شہر پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہے ‘ ہر طرف پولیس کی کثیر تعداد شہر میں موجود رہنے سے دہشت کا ماحول نظر آرہا ہے ۔