بھینسہ۔/8اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ میں ہندو واہنی کے حامیوں نے قریش برادری کے ملازم کو زدوکوب کرتے ہوئے بھینسہ کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی ناکام کوشش کی۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہ شہر میں ہفتہ واری بیل بازار منگل اور چہارشنبہ کے دن لگایا جاتا ہے۔ اس طرح منگل کی شام8بجے کے قریب قریش برادری کے ملازم محبوب علی بیل بازار سے خرید کرسات بیلوں کو باندھنے کے لئے خان آٹو نگر جارہا تھا تب این آر گارڈن کے قریب ایچ آر دھابے پر موجود ہندو واہنی کے ارکان نے محبوب علی سے غلط الفاظ استعمال کرتے ہوئے بری طرح سے زدوکوب کرتے ہوئے جسم پر موجود کپڑے پھار دیئے اور ہیبت کے مارے موٹر سیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ جیسے ہی اس بات کی اطلاع محمد منیر قریشی صدر ضلع جمعیت القریش ایکشن کمیٹی کو ملی انہوں نے بھینسہ سرکل انسپکٹر واماسودیوراو کو واقعہ سے واقف کرواتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس پر بھینسہ سرکل انسپکٹر نے پروین کمار کو بھاری پولیس جمعیت کے ساتھ موقع واردات پر بھیج کر تحقیقات کا حکم دیا۔ جیسے ہی یہ بات عوام کو معلوم ہوئی شہر میں کشیدگی کا ماحول دیکھا گیا۔لیکن پولیس نے حالات کو قابو میں کرتے ہوئے پٹرولنگ میں شدت پیدا کردی اور پولیس تحقیقات کرتے ہوئے ہندو واہنی کے دو حامیوں نوین اور سدرشن کو حراست میں لیتے ہوئے گالی گلوج کرنے اور زدوکوب کرنے کے الزام میں کیس درج کرلیا ہے۔