بھینسہ میں برقی تاروں کی زد میں آکر نوجوان فوت

بھینسہ ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بھینسہ منڈل کے موضع مرزا پور میں ایک جواں سال نوجوان اپنے ہی کھیت میں برقی تاروں کے شارٹ لگنے سے برسر موقع فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب موضع مرزا پور کا متوطن 26 سالہ اندور لالو گذشتہ رات اپنے کھیتوں میں کسی کام کے غرض سے گیا اور کھیتوں میں موجود فصلوں کے اطراف لگائے گئے حفاظتی برقی تاروں کو پار کرنے کے دوران پیر پھسل کر اسی برقی تاروں پر گر گیا جس کی وجہ سے برسر موقع فوت ہوگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ کھیت میں کھڑی فصلوں کو جنگلی جانوروں سے محفوظ کرنے کے لیے اطراف میں برقی تار لگائے گئے تھے جس سے حادثہ کا شکار ہو کر اسی کھیت کا نوجوان مالک اندور لالو ولد گنپتی ہلاک ہوگیا ۔ جس کی حال ہی میں شادی رتیکا نامی لڑکی سے ہوئی تھی ۔ اس واقعہ کی اطلاع پاکر بھینسہ رورل پولیس سب انسپکٹر پونم چندر مقام واقعہ پہنچ کر نعش کا پنچنامہ کرتے ہوئے بغرض پوسٹ مارٹم نعش کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کیا بعد پوسٹ مارٹم نعش کو ورثہ کے حوالے کرتے ہوئے اس ضمن میں ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔