بھینسہ میں ایک ہفتہ قبل ہوئے قتل کا معمہ حل

ڈی ایس پی ، بی راجیش کا پریس کانفرنس میں انکشاف

بھینسہ ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بھینسہ ڈی ایس پی بی راجیش نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہر میں ایک ہفتہ قبل پیش آئے خاتون کے قتل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر کے بھٹی گلی کی متوطن 43 سالہ گجاوا بائی جو باسر ٹریبل آئی ٹی میں ملازمت کرتی تھی اور اپنے شوہر سے علحدگی کے بعد شہر کے ٹی گنگا دھر نامی 46 سالہ شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات بناتے ہوئے ایک ساتھ زندگی گزار رہے تھے جب کہ دونوں کو لڑکے اور لڑکیاں پہلے سے موجود تھے جن کی شادیاں بھی انجام ہوچکی ہیں اور گذشتہ 23 نومبر سے گجاوا بائی کا فون بند آنے پر اس کے افراد خاندان لڑکیاں اور لڑکے تلاش شروع کرتے ہوئے تلاش گمشدہ کی رپورٹ درج کروانے کے لیے مکان کا دروازہ توڑنے پر مکان میں خون کے دھبے موجود پائے گئے جس پر گجاوا بائی کے افراد خاندان نے پولیس کو اطلاع دی بعد ازاں تحقیقات کرنے پر گجاوا بائی کے مکان سے تقریبا دو کلو میٹر کی دوری پر گڈناواگو پراجکٹ کی سرحد پر ذوالفقار کی ندی کے کنارے گجاوا بائی کی نعش ریت میں دفن پائی گئی ۔ پولیس نے اس ضمن میں افراد خاندان کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کرنے پر گجاوا بائی کے قتل کو انجام دینے والے ٹی گنگا دھر کو حراست میں لینے پر ملزم ٹی گنگا دھر نے اپنے جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ گجاوا بائی کے ساتھ اس کے ناجائز تعلقات تھے اور دونوں نے زرعی اراضی کو قول پر حاصل کرتے ہوئے کپاس کی فصل اُگائی اور اسی کپاس کے پیسوں کو لے کر بحث و تکرار ہونے پر 22 نومبر کی نیم شب لوہے کے اوزار سے حملہ کرتے ہوئے گلہ دبا کر گجاوا بائی کے قتل کو مکان میں ہی انجام دے کر مکان سے کوبیر بائی پاس روڈ سے نعش کو لے کر کھیتوں کی عقبی حصہ گڈناواگو پراجکٹ کی سرحد پر ذوالفقار ندی کے کنارے ریت میں دفن کیا گیا ۔ ڈی ایس پی بی راجیش نے کہا کہ ملزم ٹی گنگا دھر کے خلاف گجاوا بائی کے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کرائم نمبر 231/18 کے تحت دفعات 302 ، 201 اور 380 آئی پی سی درج کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں پیش کردیا گیا ۔ اس پریس کانفرنس کے دوران ٹاون سرکل انسپکٹر وی سرینواس سب انسپکٹر اے تروپتی موجود تھے ۔۔