بھینسہ میں ایس ایس سی کے 6 امتحانی مراکز کا قیام

بھینسہ۔ 14 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن جماعت دہم کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہفتہ 16 مارچ سے عمل میں آرہا ہے۔ اس ضمن میں بھینسہ منڈل ایجوکیشن آفیسر سبھاش نے بتایا کہ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے پیش نظر تمام انتظامات کو قطعیت دی جاچکا ہے اور بھینسہ منڈل میں جملہ 6 امتحانی مراکز جس میں شہر میں پانچ امتحانی مراکز گورنمنٹ ہائی اسکول ، زیڈ پی سی سی گرلز ہائی اسکول کسان گلی، آشرم ہائی اسکول، زیڈ پی سی سی گرلز اُردو میڈیم مارکٹ گلی، گورنمنٹ جونیر کالج شامل ہے جبکہ موضع تماپور ہائی اسکول میں بھی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ بھینسہ منڈل کے 6 امتحانی مراکز کیلئے فی کس ایک چیف سپرنٹنڈنٹ اور فی کس ایک ڈیپارٹمنٹل آفیسر کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ تمام مراکز کیلئے 78 ممتحین کو منتخب کیا گیا ہے اور بھینسہ منڈل کے تمام امتحانی مراکز پر 1509 طلبہ امتحان میں شرکت کریں گے جس کیلئے تمام انتظامات اور سہولیات کو مکمل کرلیا ہے جس میں طلبہ کیلئے برقی، پینے کا صاف پانی، بیت الخلاء، طہارت خانے اور دیگر شامل ہیں۔ ایم ای او سبھاش نے کہا کہ 16 مارچ سے آغاز ہونے والے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے اوقات صبح 9:30 بجے دوپہر 12:15 بجے مقرر ہے۔ انہوں نے طلبہ سے خواہش کی ہے کہ امتحانات کے اوقات سے آدھا گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پر پہنچے کیونکہ تاخیر سے آنے والے طلبہ کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امتحانات کو پرامن صاف و شفاف ماحول میں گذارنے کیلئے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کیا جارہا ہے تاکہ امتحانی مراکز کے اطراف کسی طرح کے شوروغل نہ ہونے پائے اور کوئی بھی فرد امتحانی مرکز کے قریب گڑبڑ کرنے کی کوشش نہ کرے۔ آخر میں ایم ای او نے تمام طلبہ سے خواہش کی ہے کہ امتحانات کیلئے وقت کی پابندی کریں اور امتحان میں نقل نویسی کی کوشش نہ کریں، ورنہ نقل نویسی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔