بھینسہ میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا پُرامن اختتام، سال دوم کے آخری دن31 طلباء غیر حاضر

بھینسہ۔/13 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا بھینسہ شہر میں پرامن اختتام عمل میں آیا۔ بھینسہ میں انٹر میڈیٹ امتحانات کیلئے چار امتحانی مراکز جن میں گورنمنٹ جونیر کالج، سرسوتی جونیر کالج، شامبھاوی جونیر کالج اور رینبو جونیر کالج قائم کئے گئے تھے۔ سال دوم آخری پرچہ میں گورنمنٹ جونیر کالج میں منجملہ 335 میں سے 31 طلبہ غیر حاضر تھے جبکہ سرسوتی جونیر کالج میں منجملہ 150 میں 15 ، شامبھاوی جونیر کالج میں منجملہ 146 میں 2 اور رینبو جونیر کالج میں منجملہ 144 میں 6 طلبہ غیر حاضر تھے۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے آخری پرچہ کے پیش نظر تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹر میڈیٹ آبزرورس کی تین رکنی ٹیم نے بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے تقریباً 11 بجے شہر کے گورنمنٹ جونیر کالج کا دورہ کیا اور مکمل معائنہ کیا اور امتحانی مرکز کا جائزہ لیا۔ اس دوران تین رکنی ٹیم میں شامل خاتون عہدیداران نے تمام طالبات کی تنقیح کی اور نقل نویسی کی پاداش میں چار ووکیشنل کورس اور تین جنرل کورس کی طالبات کو ڈیبار کیا جبکہ گورنمنٹ جونیر کالج امتحانی مرکز کو ڈیپارٹمنٹل آفیسر محمد منہاج الحق عادل نے ایک طالبہ کو نقل نویسی کی پاداش میں ڈیبار کیا۔ اس طرح شہر کے گورنمنٹ جونیر کالج امتحانی مرکز پر ریاستی آبزرورس ٹیم کی کارروائی میں جملہ 8 طالبات کو ڈیبار کیا گیا۔