بھینسہ میں امن امان کیلئے سخت ترین صیانتی انتظامات

حساس مقامات پولیس تعینات ، سی سی کیمروں سے جلوس کی نگرانی

بھینسہ /19 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر میں جمعہ اور درگا جلوس کے پیش نظر شہر کو پولیس چھاونی میں تبدیل کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ شہر کے اہم اور حساس مقامات پر پولیس پیشکش قائم کئے گئے جبکہ درگا جلوس گذرنے والے راستوں پر مسلم مجاہدین آزادی کے رہنماؤں کی تصاویروں کو پردوں سے ڈھانک دیا گیا اور شہر کی مسجد پنجہ شاہ و دیگر مساجد جو درگا جلوس گذرنے والے راستوں پر موجود ہے ۔ ان مساجدوں کو عارضی طور پر کپڑوں سے حصار بندی کی گئی اور شہر کے مسلم محلہ جات مارکٹ ایریا پنجہ شاہ سدرایا و دیگر کی لکڑیوں کے ذریعہ عارضی طور پر ناکہ بندی پولیس کی جانب سے کی گئی اور پولیس کی جانب سے شہر میں نصب کردہ تقریباً 60 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ جلوس کا مشاہدہ کرتے ہوئے جلوس کی راست ویڈیو گرافی بھی کی گئی ۔ درگا جلوس کی راست نگرانی ضلع نرمل ایس پی شٹی دھر راجو کو رہے ہیں جبکہ انتظامات میں ایک ایڈیشنل ایس پی ، تین ڈی ایس پی 20 سرکل انسپکٹران 32 سب انسپکٹران 60 اسسٹنٹ سب انسپکٹران 250 پولیس کانسٹیبل 150 ہوم گارڈ کے علاوہ خواتین پولیس سادہ لیاس پولیس اسپیشل برانچ پولیس عہدیداران کے علاوہ ڈاگ اسکوڈ ، بم اسکواڈ اور وجراء گاڑی متعین دیکھی گئی ۔ شہر کے تحصیل دفتر کے روبرو واقع درگا دیوی مورتی کی پوجا سے صبح 11 بجے جلوس کا آغاز عمل میں آیا اور درگا دیوی مورتیوں کا انصرام شہر کے گڈناواگو پراجکٹ میں عمل میں آئے گا ۔ تادم تحریر بھینسہ میں درگا دیوی جلوس جاری ہے ۔ واضح رہے کہ بھینسہ میں جمعہ اور درگادیوی جلوس کے علاوہ 20 اکٹوبر بروز ہفتہ کانگریس قومی صدر راہول گاندھی کے دورہ بھینسہ کے پیش نظر پولیس کافی متحرک ہوکر بندوبست کے انتظام انجام دے رہی ہے ۔