بھینسہ۔/4فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ٹی سی تلنگانہ مزدور یونین بھینسہ کی جانب سے بھینسہ شہر کے آر ٹی سی ڈپو میں دھرنا منظم کرتے ہوئے یونین کے ذمہ داروں نے بتایا کہ 27جنوری کو ریجنل منیجر کو دی گئی تحریری یادداشت پر عمل پیرا ہو۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ضلع کے 25آر ٹی سی بسوں کو بند کرتے ہوئے 40ڈرائیورس اور 40کنڈکٹرس کو ار ٹی سی بجٹ میں نقصان بتاکر معطل کرتے ہوئے بیروزگار کیا گیا۔ انہیں فوری طور پر آر ٹی سی میں بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ 23ڈرائیورس کا منچریال ڈپو تبادلہ کیا گیا۔ ان ڈرائیورس کا واپس اسی مقام پر تبادلہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں 25سال سے آر ٹی سی محکمہ میں خدمات انجام دینے والے ڈرائیورس کو اسپیشل درجہ ( گریڈ ) عطا کیا جائے اور 2012 میں 89ڈرائیورس اور 50کنڈکٹرس کا بطور کنٹراکٹ ملازم تقرر عمل میں لایا گیا۔ انہیں سرکاری آر ٹی سی ملازم کی حیثیت سے منتخب کیا جائے اور ضلع کے تمام ڈپو میں خواتین کنڈکٹرس کیلئے علحدہ بیت الخلاء کی تعمیر کی جائے۔ اس موقع پر ریجنل سکریٹری اے آر ریڈی، تلنگانہ مزدور یونین بھینسہ صدر ایس ایس راؤ، یونین سکریٹری پی سائی ناتھ اور بھینسہ ڈپو صدر اشوک ریڈی کے علاوہ دیگر آر ٹی سی ملازمین موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مطالبات کو منظور کروانے کیلئے 4فبروری کو ضلع کے تمام ڈپوز پر دھرنا منظم کیا گیا۔ آخر میں انہوں نے تمام آر ٹی سی ملازمین سے اپیل کی ہے کہ اس ضمن میں 9فبروری کو منعقد کئے جانے والے دھرنے کو کامیاب بناتے ہوئے حکومت سے تمام مطالبات کو منظور کروائے۔