جمعرات , دسمبر 12 2024

بھینسہ میںمسجد پر سنگباری‘ ایک مصلی زخمی‘ مسلمانوں میں بے چینی

شب برأت کے موقع پر فرقہ پرستوں کی شرپسندی‘ حالات کشیدہ مگر قابو میں ‘برقراری امن کیلئے پولیس چوکس
بھینسہ ۔ 21 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ میں شر پسند عناصر کی جانب سے شب برأت کی عشاء کے نماز کے موقع پر آتش بازی کرتے ہوئے شہر
کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے مکہ مسجد پر سنگباری کرتے ہوئے ایک مصلی کو شدید زخمی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب گذشتہ شب شہر کے اویسی چوک مکہ کالونی علاقہ میں واقع مکہ مسجد میں شب برأت کے موقع پر عشاء کی نماز جاری تھی اس دوران مکہ مسجد سے متصل اکثریتی طبقہ کے سی گنگادھر نامی شخص کے مکان کے افراد خاندان نے نماز عشاء کے دوران بڑے پیمانے پر آتش بازی کرتے ہوئے نماز میں خلل پیدا کر دی جس کے باعث مصلیوں میں کافی بے چینی اور غم و تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ اسی انثاء میں مصلیوں اور مسجد پر سنگباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجہ میں محمد آصف قریشی کا سر شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کی وجہ سے مصلیان مسجد غصہ کا اظہار کیا اور اس حرکت کو مصلیان مسجد نے ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے اعتراض ظاہر کیا جس کی وجہ سے اس علاقہ میں کافی کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ اور اس واقعہ کی اطلاع شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ڈی ایس پی بی راجیش ‘ سرکل انسپکٹر سرینواس مقام واقعہ پہنچ کر حالت کو قابو میں کرنے کے لئے متحرک ہوگئے جبکہ اس علاقہ میں اکثریتی طبقہ کے کثیر افراد جمع ہونا شروع ہوگئے جس کی وجہ سے حالات کافی کشیدہ ہوگئے اور حالات کو قابو سے باہر ہوتے نظر آ رہے تھے ۔ اس دوران سنگباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس میںموٹر سیکلس اور پولیس کی موٹر گاڑیاں کو بھی نقصان پہنچا جس پر ڈی ایس پی بی راجیش نے ضلع کے اعلیٰ حکام کو اس واقعہ کی اطلاع دی جس پر ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی نے رات دیر گئے بھینسہ کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے ضلع کے سرکل انسپکٹران اور سب انسپکٹران کو طلب کرتے ہوئے عوام کو سمجھاتے ہوئے مقام واقعہ سے روانہ کرتے ہوئے حالات کو قابو میں تو کرلیا جس میں اردو صحافیوں اور مکہ مسجد کمیٹی کے ذمہ داران نے پولیس کا کافی تعاون کیا ۔ بعدازاں ضلع ایس پی ششی دھرراجو نے بھینسہ میں شب بسری کرتے ہوئے مقام واقعہ پر بھاری پولیس جمعیت کو متعین کر دیا اور شہر کے حساس چوراہوں اور مذہبی مقامات پر پولیس جوانوں کو متعین کرتے ہوئے شہر میں پولیس طلایہ گردی میں شدت پیدا کر دی گئی جبکہ شہر میں رات بھر حالات کافی کشیدہ دیکھے گئے ۔ اس موقع پر مکہ مسجد کمیٹی صدر مقصود خان و ارکان کمیٹی نے ضلع ایس پی ششی دھرراجو ‘ ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی اور ڈی ایس پی بی راجیش کو واقف کروایا کہ مکہ مسجد سے متصل مذکورہ اکثریتی طبقہ کے افراد کی جانب سے سابق میں شرپسندی کی کوشش کرتے ہوئے نمازوں میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ‘ جس پر ضلع ایس پی اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے اس میں ملوث خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی کہا۔ آج صبح سے ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی شہر کے حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھے ۔ بعدازاں ڈی ایس پی بھینسہ بی راجیش شہر کے پرامن حالات کو بنائے رکھنے کے لئے کافی متحرک ہے اور مختلف مقامات پر پولیس جوانوں کو متعین کیا گیا۔عوام امن کی برقراری کے لئے پولیس کا تعاون کریں اور کسی بھی افواہوں پر دھیان نہ دیں بلکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعات پر پولیس ہیلپ لائن نمبر 100 پر ربط کریں ۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ مکہ کالونی علاقہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے اور پولیس جوانوں کو متعین کیا گیا ہے اور شہر کے تمام محلوں میں پولیس ٹیموں کا قیام عمل میں لا یا جا رہا ہے تاکہ ہر حالات سے واقفیت حاصل کی جاسکے ۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ گذشتہ شب پیش آئے واقعہ میں علحدہ علحدہ دو مقدمات درج کئے گئے ہیںجن میں کرائم نمبر 76/2019 کے تحت مختلف دفعات 153.A, 295.A, 324, 34 IPC اور کرائم نمبر 77/2019 کے تحت مختلف دفعات کے تحت 143, 448, 324 r/w IPC درج کیا گیا ہے جبکہ مزید شکایتیں موصول ہو رہی ہیں جس پر مقدمات درج کرتے ہوئے تحقیقات کے ذریعہ کارروائی کی جائیگی ۔

TOPPOPULARRECENT