متحدہ ضلع ویجلنس عہدیداروں کی ٹیم کا دورہ ، ریکارڈس کی تنقیح
بھینسہ۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے تلنگانہ اقلیتی اقامتی انگلش بوائز اسکول کا ویجلنس عہدیداروں نے دورہ کیا۔ جس میں روی چرن ریڈی ویجلینس اکیڈیمی عہدیدار ، لکشمی سوامی ویجلینس ہاسٹل عہدیدار اور ایم اے خان ویجلینس سیفٹی اینڈ سیکوریٹی شامل تھے۔ اس موقع پر مذکورہ عہدیداران نے صحافیوں کو بتایا کہ بھینسہ اقلیتی اقامتی اسکول کا دورہ معمول کے مطابق ہے جو ہر ماہ میں دو مرتبہ کیا جاتا ہے اور اسکول کے تمام انتظامات اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاستی سطح پر اقامتی اسکولوں کا جال پھیلاتے ہوئے کروڑوں روپیوں کے انتظامات اور سہولیات کیلئے ریاست کے نونہالوں پر صرف کررہی ہے اور متحدہ قدیم اضلاع پر ایک ٹیم تشکیل دیتے ہوئے موظف آفیسرس کا تقرر کررہی ہے جس کے ذریعہ تمام اقامتی اسکولوں کی جانکاری حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے انتظامات صرف اور صرف اقلیتی اقامتی اسکولوں پر خصوصی طور سے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے متحدہ ضلع عادل آباد کیلئے ہم تین آفیسرس کی ٹیم موجود ہے جو کہ متحدہ ضلع عادل آباد کے تمام 17 اقلیتی اقامتی اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے طلباء کو فراہم کئے جانے والی غذائی اشیائ، کتابیں، تعلیم، رہائشی انتظامات اور تمام سہولیات کے علاوہ اسکول اساتذہ کی کارکردگی و خدمات پر نظر رکھی جاتی ہے اور اس میں کسی طرح کی کوتاہی و لاپرواہی ہونے پر اس کی رپورٹ اقلیتی اقامتی اسکول کے ریاستی سکریٹری کو روانہ کی جاتی ہے۔ کسی بھی ٹیچر یا اقلیتی اسکول میں خدمات انجام دینے والے عہدیدار کو بخشا نہیں جاتا۔ اس موقع پر انہوں نے بھینسہ اقلیتی اقامتی اسکول کے تمام تر انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ریکارڈس کی تنقیح کی اور اسکول پرنسپل اور اساتذہ کے علاوہ وارڈن کی خدمات پر اظہار اطمینان کیا۔ اس موقع پر اسکول پرنسپل عبدالجلیل،وارڈن محمد عبدالرفیق، اساتذہ عبدالاحمد، شیخ علی کے علاوہ دیگر عملے میں محمد افضل اور محمد قمر موجود تھے۔