کورٹلہ ۔ 7 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب محمد نعیم الدین امیر مقامی جماعت اسلامی شاخ کورٹلہ کی صدارت میں جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ کی صدارت میں جماعت اسلامی کی جانب سے کٹکم سنگیا فنکشن ہال کورٹلہ میں منعقدہ عید ملاپ پروگرام سے جناب محمد صادق احمد نے بزبان تلگو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے روزے فرض کئے تاکہ اس کے ذریعہ کا تقوی پیدا ہو ۔ جب انسان متقی بن جاتا ہے تو وہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کو ادا کرتا ہے ۔ اپنے رشتہ داروں ، پڑوسیوں اور سماج میں بسنے والے غرباء و مساکین کی خدمت کرتا ہے جس کی وجہ سے ایک صالح معاشرہ تشکیل پاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کو جو فضیلت حاصل ہوتی ہے اس ماہ میں نزول قرآن کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ قرآن شریف ساری انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے ۔ وہ ساری انسانیت کیلئے اپنے اندر امن کا پیغام رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سورج کی روشنی بارش کا پانی تمام انسانیت کیلئے فائدہ بخش ہے اس طرح قرآنی تعلیمات و احکامات ہر انسان کو عمل کرنا ہے سب کیلئے نفع بخش ہے ۔ جناب احمد عبدالنعیم ریاستی نائب صدر ویلفیر پارٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں جماعت اسلامی کی جناب سے عید ملاپ تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس کی غرض و افادیت صرف یہی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مذاہب کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کورٹلہ بھائی چارگی اور گنگا جمنی تہذیب میں دوسرے شہروں کیلئے ایک مثال ہے ۔ اس شہر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں ہندو مسلم بھائیوں نے کبھی بھی فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوشش نہیں کی ۔ یہاں تمام افراد اتحاد و یکجہتی کے ساتھ زندگی گذرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک اسی وقت ترقی کرسکتا ہے جبکہ ملک میں رہنے والے تمام افراد مل جل کر رہیں ۔ تبھی ہمارے مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر پربھاکر راج گنگا رام ، جگدیش نے کہا کہ آج کے سماج میں اس قسم کے تقاریب کے انعقاد کی سخت ضرورت ہے تاکہ بھید بھاو دور ہو نفرتیں ختم ہوں اور بھائی چارگی ، خلوص و محبت پروان چڑھے ۔ جلسہ میں حاضر تمام مقررین نے جماعت اسلامی کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کی کافی ستائش کی ۔ اس موقع پر جناب محمد نعیم الدین امیر مقامی نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر عید کی خوشیوں میں تمام کو شامل کرتی ہے ۔ اس موقع پر ہندو بھائیوں کو تلگو ترجمہ قرآن کے نسخے تحفہ پیش کئے گئے ۔ پروگرام کی کامیابی میں جناب عبدالمقیم ، جناب الیاس احمد خان ، جناب عبدالقدیر ، جناب شیخ چاند ، جناب عبدالوحید ، جناب عبدالرحیم اور جناب محمد ساجد نے اہم رول ادا کیا ۔ کثیر تعداد میں برادران وطن نے پروگرام میں شرکت کی بعدازاں تمام شرکاء کیلئے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔