بھگوت کو ہٹلر کہنے پر شیوسینا کی کانگریس پر تنقید

ممبئی ۔ 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج کانگریس کو آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو ان کے متنازعہ ’ہندو قوم‘ ریمارکس کیلئے ’’ہٹلر‘‘ قرار دینے پر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ وہی پارٹی ہے جس نے ہندوؤں کو ’’نظرانداز‘‘ کرتے ہوئے سیاسی فائدہ کیلئے مسلمانوں کی ’’خوشامد‘‘ کی۔ پارٹی نے اپنے ترجمان سامنا کے اداریہ میں کہا کہ یہ تعجب نہیں کہ بھاگوت کو ان کے ہندو قوم والے ریمارک پر ہٹلر کہا گیا ہے۔ یہ قوم مصنوعی سیکولر اثاث پر تعمیر کی گئی ہے جہاں مسلمانوں کی صرف سیاسی مقصد براری کیلئے خوشامد کی جاتی رہی ہے۔ ہندوؤں نے یو پی اے حکومت کو سبق کیوں سکھایا ؟ اس لئے کہ کانگریس اور ایس پی جیسی پارٹیوں نے 15 فیصد مسلمانوں کے مطالبات پر کان دھرے جبکہ 85 فیصد ہندوؤں کو نظرانداز کیا۔