ممبئی۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برسر اقتدار بی جے پی کی حلیف پارٹی شیوسینا نے آج ایلفنسٹون ریلوے اسٹیشن کے فوٹ اوور برج پر بھگدڑ کو ’’قتل عام‘‘ سے تعبیر کیا جبکہ اپوزیشن پارٹیوں نے بھی اس سانحہ پر مرکزی اور مہاراشٹرا کی حکومتوں پر سخت نکتہ چینی کی۔ غیر بی جے پی پارٹیوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی بجائے مرکز کو اسٹیشنوں پر مسافروں کی حفاظت اور وہاں سہولیات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنا چاہئے۔ سینا ایم پی سنجے راوت نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے بات چیت میں کہا کہ آج کا واقعہ عوام کا قتل جیسا ہے جس کے لیے حکومت اور ریلوے ذمہ دار ہیں۔ ہم نے بارہا مطالبہ کیا کہ پرانے اور بوسیدہ فٹ اوور برجس کی ضروری مرمت کی جائے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ حکومت کے پاس موجودہ ریل سسٹم میں موجود خامیوں کی اصلاح کا وقت نہیں ہے لیکن وہ بلٹ ٹرین متعارف کرانے کے خواب دیکھ رہی ہے۔ ادھو ٹھاکرے زیر قیادت شیوسینا مرکز اور مہاراشٹرا دونوں جگہ بی جے پی حکومتوں کی حلیف ہے۔