بھگت کے بھیس میں مورتی سے چین کا سرقہ

سی سی کیمرہ سے تصویر کا حصول، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست نیوز) ایک شاطر سارق نے مندر کے پجاری کو دھوکہ دہی کا شکار بناتے ہوئے مورتی کے گلے سے طلائی چین کا سرقہ کرلیا ۔ یہ واقعہ سعیدآباد کے علاقے پسل بستی میں آج صبح اس وقت پیش آیا جب ایک سارق بھگت کے بھیس میں جئے درگا دیوی مندر میں داخل ہوا اور وہاں کے پجاری کو پوجا کیلئے 100 روپئے کا نوٹ دے کر ایک ناریل لانے کیلئے بھیجا ۔ پجاری قریبی میں واقع دوکان سے ناریل لانے کیلئے گیا تب سارق نے مورتی کے گلے سے 8 تولہ طلائی منگل سوتر کا سرقہ کرلیا اور بعد ازاں وہاں سے فرار ہوگیا ۔ پجاری مندر میں واپس لوٹنے پر بھگت اور مورتی کے گلے سے طلائی چین غائب ہوجانے پر مقامی عوام کو آگاہ کیا ۔ سعیدآباد پولیس کو اس واردات کی اطلاع دی گئی اور کچھ ہی دیر میں پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر مندر میں موجود سی سی ٹی وی کیمرے کا تجزیہ کیا جس میں مورتی کے گلے سے طلائی چین کا سرقہ کرنے والے سارق کی تصویر برآمد ہوئی ۔ پولیس نے بتایا کہ سارق خود کو پربھاکر کی حیثیت سے پجاری کو تعارف کروایا ۔ سعیدآباد پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔