بھگت کے بھیس میں مندر کے مورتی سے تاج کا سرقہ

حیدرآباد ۔ /26 فبروری (سیاست نیوز) شہر کے منادر میں سرقہ کرنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور آج جمعرات بازار میں سارقین نے ایک مندر کو نشانہ بنایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہ عنایت گنج پولیس اسٹیشن حدود میں واقع بالاجی مندر میں ایک نامعلوم سارق بھگت کے بھیس میں اندر داخل ہوا اور مورتی کو ہار پہناکر اس کے سر کا تاج سرقہ کرلیا ۔ اس واقعہ کے دوران مندر کا پجاری وہاں موجود نہیں تھا اور وہ مندر پہونچنے پر مورتی کا تاج غائب ہوجانے کی اطلاع پر پولیس کو شکایت درج کروائی ۔ شاہ عنایت گنج پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسی قسم کے ایک واقعہ میں نامعلوم سارق نے بھگت کے بھیس میں سعیدآباد کالونی کی درگا مندر میں داخل ہوکر مورتی کا منگل سوتر سرقہ کرلیا تھا ۔ اسی قسم کی وارداتیں شہر کے دیگر مقامات پر بھی پیش آئی تھیں ۔