بھوپیش باگھل چھتیس گڑھ کے نئے وزیراعلیٰ مقرر

رائے پور ۔ /16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کی زیرصدارت کئی دن کی بھاگ دوڑ اور پارٹی کی اعلیٰ کمان کے غور و خوص کے بعد بالآخر اتوار کو بھوپیش باگھل کو چھتیس گڑھ کا وزیراعلیٰ منتخب کرلیا گیا ۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی اجلاس کے اختتام پر کانگریس کے مرکزی مبصر ملکارجن کھرگے نے اس بات کا اعلان کیا ۔ باگھل پیر کو شام پانچ بجے عہدہ رازداری کا حلف اٹھائیں گے ۔ مسٹر کھرگے نے آج صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے رائے گڑھ میں یہ بات کہی ۔ مسٹر باگھل کے علاوہ کوئی اور شخص وزیر کی حیثیت سے حلف نہیں لے گا ۔ 57 سالہ او بی سی لیڈر باگھل نے ریاست میں پارٹی کو شاندار جیت دلاتے ہوئے دو تہائی اکثریت تک لایا ۔ اس کے علاوہ دوسرے قائدین ٹی ایس سنگھ دیو ، تمرد واج ساھو اور چرن داس بھی وزیر اعلیٰ کی دوڑ میں شامل تھے ۔ لیکن صدر راہول گاندھی نے باگھل کے نام کو قطعیت دی ۔ بعد میں کھرگے نے بیان دیا کہ تمام قائدین نے کانگریس کو جیت دلانے میں یکساں محنت اور رول ادا کیا ۔ لیکن چاروں امیدواروں میں باگھل کو وزیر اعلیٰ کیلئے چن لیا گیا اور تمام لیجسلیچر کو پیغام دے دیا گیا کہ باگھل سب کے قابل قبول امیدوار ہیں اور تمام لیجسلیچرز متحدہ طورپر ان کی تائید کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال بعد اقتدار حاصل کرنے پر کانگر یس پارٹی کو کئی چیلنجس کا سامنا ہے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا اولین مقصد ہے اور مسٹر باگھل اس ذمہ داری کو بخوبی پورا کریں گے ۔ اسی دوران پارٹی نے اپنے ٹوئیٹر پر اعلان کیا کہ نئی حکومت چھتیس گڑھ میں مساوات ، شفافیت اور اخوت و بھائی چارگی کی بنیاد پر حکومت کرے گی اور حکومت ترجیح طور پر سب سے پہلے کسانوں کے قرضوں کی معافی کا اعلان کرے گی ۔