ممبئی ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شولاپور میں ایک تقریب کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اپنی تقریر کو افراتفری میں ختم کرنے کی افسوسناک صورتحال سے دوچار ہونے کے بعد چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے ناگپور میں منعقد ہونے والی تقریب میں مودی کے ساتھ شہ نشین پر بیٹھنے سے انکار کردیا۔ یہ تقریب کل منعقد ہونے والی ہے۔ چوہان نے کہا کہ میں نے فیصلہ کرلیا ہیکہ ناگپور کی تقریب میں شرکت نہ کروں۔ چیف منسٹر ہریانہ بھوپندر سنگھ ہوڈا نے بھی ایک تقریب میں نریندر مودی کے ساتھ شہ نشین پر بیٹھنے سے انکارکردیا تھا۔ کانگریس نے شولاپور کے جلسہ میں چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان کو تقریر کرنے سے روکنے کی حرکت کی مذمت کی ہے۔ مودی کے حامیوں نے اس تقریر کے دوران شورمچایا تھا۔