ملبورن ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے عظیم ٹینس اسٹار مہیش بھوپتی اور اُن کے امریکی ساتھی راجیو رام سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے دوسرے دور میں شکست کھاگئے ہیں۔ بھوپتی نے آسٹریلین اوپن میں اپنا آخری مرد زمرہ کا میچ کھیلا تھا ۔ بھوپتی اور رام کو آج برازیل کے برونو سواریس اور آسٹریلیا کے ایزیکس زینڈر پیانے سے شکست سے دوچار کردیا ۔ ہند ۔ امریکی جوڑی کو 97 منٹ میں 4-6 ، 6-7 سے شکست حاصل ہوئی ۔ 36 سالہ بھوپتی نے گزشتہ سال ہی کہہ دیا تھا کہ یہ ٹینس سرکٹ میں ان کا آخری سال ہے اور وہ چنندہ مقابلوں میں حصہ لیں گے ۔ ہندوستان کی ثانیہ مرزا کے ساتھ یہاں مکسڈ ڈبلز خطاب جیت چکے بھوپتی اس سال اس زمرہ میں روس کی ایلینا ویزنینا کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔ بھوپتی ویزنینا کو آٹھواں مقام ملا ہے ۔
ہند۔ پاک جوڑی کی آسٹریلین اوپن میں پیش قدمی
اسی دوران ہندوستان کے روہن بھوپننا اور پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کی جوڑی آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ۔ مینس ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں اعصام الحق اور روہن بھوپننا نے برطانوی جوڑی کو تین سیٹ کے مقابلے کے بعد زیر کرتے ہوئے تیسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔ برطانوی کھلاڑیوں نے پہلا سیٹ 4-6 سے جیت کر برتری حاصل کی۔ جس کے بعد ہند۔پاک جوڑی نے بھرپور واپسی کی اور یکے بعد دیگرے دونوں سیٹس 6-3 اور 6-2 سے جیت کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔