بھوپال گیس متاثرین بی جے پی کیخلاف مہم چلائیں گے

بھوپال۔15فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بھوپال گیس متاثرین کیلئے کام کرنے والی جملہ پانچ تنظیموں نے مدھیہ پردیش کے دو حلقے اسمبلی میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں مخالف بی جے پی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار جماعت دنیا کے سب سے بڑے صنعتی تباہی کے متاثرین کے مسائل کو حل کرنے اور معاوضہ کی ادائیگی میں ناکام رہی ہے ۔ بھوپال گیس پیڈٹ مہیلا اسٹیشنری کرمچاری سنگھ کی صدر رشیدہ بی نے کہا کہ وہ بھوپال گیس متاثرین کے بارے میں بی جے پی کی جانب سے کئے گئے جھوٹے وعدے کو بے نقاب کریں گی ۔ خاص کر اُن پروگراموں میں جو ضمنی انتخابات سے قبل بی جے پی کی جانب سے منعقد کی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی منگاؤلی اور کولاراس میں ضمنی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ۔ جب کہ جاریہ سال ہی یہاں پر تمام حلقوں کیلئے اسمبلی انتخابات بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو دیئے جانے والے دھوکہ دہی پر مشتمل دستاویزات کو وہ رائے دہندوں میں تقسیم کرتے ہوئے انہیں حقیقت سے آگاہ کرائیں گے اور یہ سلسلہ ضمنی انتخابات کے بعد ریاستی اسمبلی انتخابات اور آئندہ سال لوک سبھا انتخابات میں بھی اٹھائے جائیں گے تاکہ متاثرین کو ان کا حق دلایا جاسکے ۔