ڈربن۔2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ونڈے میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا سہرا فاسٹ بولروں بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ کو دیا ہے ۔جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ونڈے میں ہندستان نے چھ وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی جس میں کپتان کوہلی نے 119 گیندوں میں 10 چوکو ں سے آراستہ 112 رنز کی سنچری اہم تھی اور وہ اس کی بدولت مین آف دی میچ بھی رہے ۔چھ میچوں کی سیریز میں ہندستان اب 1۔0 سے آگے ہے ۔کوہلی نے میچ کے بعد کہا کہ میرے لیے یہ بہت خاص ہے۔سیریز کا پہلا میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے ہم چاہتے تھے کہ ہم برتری کے ساتھ آغاز کریں اور جب ہم نے اس پچ پر افریقہ کو 270 پر روک دیا تو ہم بہت خوش تھے ۔انہوں نے کہا کہ اس پچ پر فاسٹ بولروں کی سب سے زیادہ اہمیت ہے اور ٹیم کے پاس بھونیشور اور بمراہ جیسے بولر ہیں جن پر ٹیم کا سب سے زیادہ انحصار ہے ۔کوہلی نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ شروع میں ایک یا دو وکٹ حاصل کر لیں ۔ پھر ہمارے پاس دو اسپنر بھی موجود ہیں۔ دونوں ہی شاندار کھیل رہے ہیں اور جنوبی افریقہ میں ان کا پہلا دورہ ہے ۔مین آف دی میچ کوہلی نے اگرچہ اپنے دونوں فاسٹ بولروں کی سب سے زیادہ تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور کپتان بھونیشور اور بمراہ سے بہت خوش ہوںکیونکہ ان دونوں کومعلوم ہے کہ کیا کرنا ہے ۔