بھونگیر نعیم کی گینگ کا ایک اور رکن گرفتار

حیدرآباد۔26 ستمبر (سیاست نیوز) گینگسٹر بھونگیر نعیم کے ساتھیوں کے خلاف اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کی کارروائی ہنوز جاری ہے جس کے تحت آج اس کی گینگ کے ایک اور رکن کو گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نعیم کے وفادار ساتھی سیشننا جس کی پولیس کو تلاش ہے، کا ایک ساتھی ایشوریا کو ضلع محبوب نگر میں ایس آئی ٹی نے آج گرفتار کرلیا۔ ایس آئی ٹی نے ایشوریا کو حراست میں لینے کے بعد اس کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے اہم شواہد اکٹھا کئے اور گینگسٹر کے مفرور ارکان کا پتہ چلانے کے سلسلے میں تفتیش کی۔ گینگسٹر نعیم کو جاریہ سال 8 اگست کو ضلع محبوب نگر کے شادنگر ٹاؤن میں انکاؤنٹر میں ہلاک کئے جانے کے بعد اس کی غیرقانونی سرگرمیوں اور زیادتیوں کا پتہ چلانے کی غرض سے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے ریاست کے مختلف اضلاع میں تاحال 130 مقدمات درج کرتے ہوئے 93 افراد بشمول اس کی بیوی، دیگر رشتہ دار اور قریبی ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے اور وہ جیل میں محروس ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی ٹی اندرون دو یوم دو ارکان اسمبلی، دو ارکان قانون ساز کونسل اور دیگر پولیس عہدیداروں کو تحقیقات کے ضمن میں نوٹسیں جاری کرے گی۔