بھونگیر میں پہلا کونسل اجلاس

بھونگیر ۔ 15 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی حکومت منظورہ 13 ویں فینانس کے ایک کروڑ 18 لاکھ روپئے جو کہ صرف ڈرینج نظام کیلئے مختص ہیں بھونگیر کے 30 وارڈس میں حسب ضرورت استعمال و تقسیم کے بھونگیر میونسپل کا ایجنڈے کے بغیر منعقدہ پہلا کونسل اجلاس BJP ، TDP کیلئے کافی مہنگا ثابت ہوا اور سخت مزاحمت کرنی پڑی ۔ BJP چیرپرسن سوروی لاونیا کے مطابق ایک کروڑ 18 لاکھ کے بجٹ میں 10 فیصد اسٹریٹ لائٹ ، 10 فیصد پانی کی سربراہی اور 80 ڈرینج نظام کیلئے استعمال کرنے کا اظہار کیا گیا جو کہ وارڈ (2) 3 لاکھ ، وارڈ (3) 3 لاکھ ، وارڈ (7) 5 لاکھ ، وارڈ (8) 3 لاکھ ، وارڈ (9) 3 لاکھ ، وارڈ (10) 3 ، لاکھ ، وارڈ (11) 4 لاکھ ، وارڈ (13) 5 لاکھ ، وارڈ (14) 4 لاکھ ، وارڈ (15) 5 لاکھ ، وارڈ (16) 4 لاکھ ، وارڈ (17) 5 لاکھ ، وارڈ (18) 3 لاکھ ، وارڈ (19) 5 لاکھ ، وارڈ (20) 5 لاکھ ، وارڈ (21) 4 لاکھ ، وارڈ (23) 3 لاکھ میں استعمال کئے جائیں گے ۔ کانگریس فلور لیڈر پونم شٹی منجولا نے بی جے پی چیرپرسن سوری لاونیا کے آمرانہ رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار بی جے پی ، ٹی ڈی پی اتحاد اور ان کے تائیدی آزاد ارکان کے حلقوں ہی کی ترقی کو ملحوظ رکھتے ہوئے سرکاری فنڈس کے استعمال میں سیاسی جانبداری نہ صرف غیرجمہوری ہے بلکہ فنڈس کا غلط استعمال بھی ہے ۔ کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے منظورہ یہ بجٹ صرف ڈرینج نظام ہی کیلئے دیا گیا ہے ۔ دیگر ضروریات کی تکمیل کیلئے اس فنڈ کو استعمال کرتے ہوئے کئی حلقہ جات 1، 4 ، 5 ، 6 ، 12 ، 22 ، 24 اور 26 کی حق تلفی کرتے ہوئے ایک پیسہ بھی مختص نہیں کیاگیا ہے ۔ بی جے پی چیرپرسن سوری لاونیا کے اس آمرانہ غیرجمہوری اور غیرقانونی عمل پر بطور احتجاج کانگریس اور ان کے تائیدی اراکین نے پہلے کونسل میں نیچے بیٹھ کر احتجاج کیا اس کے بعد اجلاس سے واک آؤٹ کر کے باہر سیڑھیوں پر بیٹھ کر نعرہ بازی کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا ۔ انہوں نے مزید وضاحت سے کہا کہ بی جے پی کے (8) اور تائیدی (2) جملہ دس حلقوں کیلئے 44 لاکھ ، ٹی ڈی پی کے (7) حلقوں کیلئے 28 لاکھ اور کانگریس کے 7 اور تائیدی (5) جملہ 12 حلقوں کیلئے صرف 12 لاکھ مختص کرتے ہوئے جانب داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی مذمت کرتی ہے ۔ کانگریس اراکین نے کمشنر کمار سوامی سے تفصیلی شکایت بھی کی ۔ میونسپل کمشنر نے سیاست نیوز سے کہا کہ 13 ویں فینانس کے 1.18 کروڑ روپئے گزشتہ چار ماہ پہلے ہی آئے ۔ جو کہ صرف ڈرینج نظام کیلئے ہی مخصوص ہیں ۔ فنڈس کے آنے کے بعد ہم نے تمام وارڈس میں سروے کی تکمیل بھی کروالی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کی تجاویز کے احترام کے باوجود وہ فنڈس کو مخصوص زمرہ پر ہی خرچ کرنے کے پابند ہیں اور اس معاملے میں شفافیت کے تمام اقدامات کو ملحوظ رکھیں گے ۔