بھونگیر۔/23اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ بھونگیر کے قریب رائے گیری اور کنور دیہاتوں کے درمیان واقع کھلی اراضی ( میدان ) پر 28اپریل کی شام انتخابی جلسہ عام کو مخاطب کریں گے۔ کانگریس کوآرڈینشن کمیٹی صدر نشین نارائن ریڈی اور سابق ایم پی بھونگیر کومٹ ریڈی راجگوپال نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ مذکورہ جلسہ میں 3لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ جبکہ وزیر اعظم کے خطاب کے پیش نظر نیشنل سیکوریٹی گارڈس نے جلسہ گاہ کی اراضی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
چیوڑلہ میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم
معین آباد۔/23اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار کونڈا وشویشور ریڈی اور حلقہ اسمبلی چیوڑلہ کے امیدوار کے ایس رتنم نے مختلف مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائی۔ دونوں قائدین نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے ٹی آر ایس کی جدوجہد کامیاب ثابت ہوئی اور تشکیل تلنگانہ کا سہرا ٹی آر ایس کے سر جاتا ہے۔ تلنگانہ کی ترقی کیلئے اور اس کی تعمیر نو کیلئے متحدہ جدوجہد کرنا ضروری ہے۔ ووٹ کی طاقت سے ٹی آر ایس کے حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ و اسمبلی حلقہ چیوڑلہ کے امیدواروں کو کامیاب بنانا ضروری ہے۔ اس موقع پر ضلع ٹی آر ایس کے صدر ناگیندر گوڑ، ایم ایل سی نریندر ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین اننت ریڈی، ملیش، رمیش، سوپنا اور دوسرے موجود تھے۔