حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) بھوانی نگر علاقہ میں رات دیر گئے قتل کا واقعہ پیش آیا۔ 30 سالہ آٹو ڈرائیور اسد بابا ساکن بھوانی نگر کا عبداللہ اور ساتھیوں نے چاقو سے حملہ کرکے نشیمن نگر چاچا گیاریج کے قریب قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول اسد بابا عرف سہیل اپنے مکان میں موجود تھا کہ بعض نامعلوم افراد نے اُسے فون کرکے بلایا ۔ وہ مکان روانہ ہونے کے بعد واپس نہ لوٹا اور اندرون چند گھنٹے پولیس نے مقتول کی ماں کو قتل کی اطلاع دی۔ ذرائع نے بتایا کہ مقتول کے والد کا ایک ہفتہ قبل انتقال ہوا تھا۔ مقتول کی والدہ نے عبداللہ اور اُسکے ساتھیوں کے قتل میں ملوث ہونے کی اطلاع دی۔ پولیس ٹیم مقام واردات پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا اور اِس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقتول کی نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردیا گیا جبکہ عبداللہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور تفتیش جاری ہے۔