نئی دہلی 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج آر ایس ایس کے سر سنچالک موہن بھاگوت کی دسہرہ تقریر کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ سماجی اصلاح کے جو بھی مسائل اِس تقریر میں اُٹھائے گئے ہیں آج وقت کا تقاضہ ہیں۔ اُنھوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ موہن بھاگوت جی نے اہم قومی مسائل پر اپنی تقریر میں اشارہ کیا ہے۔ سماجی اصلاح کے یہ مسائل آج کے دور میں وقت کا تقاضہ ہیں۔ مودی نے بھاگوت کی تقریر کا خلاصہ بھی اپنے آن لائن لنک پر پیش کیا۔ اُنھوں نے تنظیم کے یوم تاسیس پر تمام آر ایس ایس کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں جسے آج قومی ٹی وی چیانل دوردرشن پر راست نشر کیا گیا، موہن بھاگوت نے گاؤکشی پر مکمل امتناع، گوشت کی برآمد پر اور عوام کے چینی مصنوعات خریدنے پر مکمل امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کیرالا اور ٹاملناڈو میں جہادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور الزام عائد کیاکہ مغربی بنگال ، آسام اور بہار میں بنگلہ دیش سے دراندازی ہورہی ہے جس کی وجہ سے وہاں کا مقامی ہندو معاشرہ خطرہ میں ہے۔ آر ایس ایس کے سربراہ نے مودی حکومت کے قومی صیانت ، معیشت اور بین الاقوامی روابط کے سلسلہ میں اپنے مختصر سے چار ماہ کے دور اقتدار میں کئے ہوئے اقدامات کی ستائش بھی کی۔