بھاری ٹریفک کے سبب دو خواتین کی راستے میں زچگی

نئی دہلی ، 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت میں انڈیا۔ افریکا سمٹ کی وجہ سے تکلیف دہ ٹریفک جام نے گزشتہ روز دو خواتین کو اپنے بچوں کو عوامی گاڑیوں میں جنم دینے پر مجبور کردیا۔ 20 سالہ خاتون نے جنوب مشرقی دہلی کے سرائے کالے خان علاقہ کے قریب سرکاری بس میں لڑکی کو جنم دیا جبکہ ایک دیگر 28 سالہ حاملہ کو مشرقی دہلی کے کھجوری چوک کے قریب آٹورکشا میں لڑکا تولد ہوا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک) سندیپ گوئل نے بتایا کہ دونوں معاملوں میں حاملہ خواتین بھاری ٹریفک میں پھنس گئیں۔ بتایا گیا کہ پولیس کی طرف سے حتی المقدور کوشش کی گئی کہ ٹریفک رکنے نہ پائے اور وسیع تر انتظامات کئے کہ لوگوں کو اقل ترین زحمت ہو۔ تاہم شام میں ٹریفک کے اعتبار سے مصروف وقت میں حالات بے قابو ہوگئے۔ پولیس نے حاملہ خواتین کی مدد کی مقدور بھر کوشش کی اور لڑکی کو جنم دینے والی ریکھا کو مابعد زچکی کسی طرح قریبی اسپتال پہنچایا۔ دوسرا معاملہ 28 سالہ روشنی کا رہا جسے 35 ٹانکے لگانے پڑے۔