بھاری رقم منتقل کرنے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار

حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) نامپلی ریلوے اسٹیشن پر آج ریلوے پروٹیکشن فورس کے عملے نے ایک شخص کو حراست میںلے لیا جو لاکھوں روپئے کی بھاری رقم سوٹ کیس میں منتقل کررہا تھا ۔ بتایاجاتا ہے کہ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی کا ساکن جناردھن ریڈی جو اروبندو فارما کا ریٹائرڈ اسسٹنٹ منیجر ہے آج دوپہر نامپلی ریلوے اسٹیشن پہنچ کر سبری ایکسپریس میں سوار ہونے کیلئے ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوا تھا کہ اسے سکیوریٹی چیک میں مصروف پولیس عملے نے اس کے دو بیاگس کی اسکیاننگ کی جس میں بھاری رقم کا پتہ چلنے پر اسے فوری حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ دو علحدہ بیاگس میں اس نے جملہ 40 لاکھ روپئے اپنے ساتھ رکھے تھے جو اپنے آبائی مقام منتقل کرنے کی کوشش کررہا تھا ۔ جناردھن ریڈی کو حراست میںلے کر اس کی تفتیش کی گئی جس میں یہ پتہ لگا کہ اُس نے کوکٹ پلی وسنت نگر کے ایک پلاٹ کو آج فروخت کیا تھا جس سے اسے 40 لاکھ روپئے حاصل ہوئے تھے اور وہ رقم منتقل کررہا تھا۔ ریلوے پولیس نے رقم کو ضبط کرلیا اور محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کردیا ۔