پرکاش راتھوڑ لوک سبھا عادل آباد کے متوقع امیدوار ‘ اسمبلی امیدواروں کی بھی تلاش
نرمل ۔ 30 ؍ اپریل (جلیل ازہر کی رپورٹ) عام انتخابات کے لئے ابھی دو برس باقی ہیں تاہم سیاسی حالات کب کیا ہوں گے اس کا اندازہ لگانا اب بہت مشکل ہے ۔ تاہم اُترپردیش کے اور دہلی میونسپل کے نتائج کے بعد جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی ایک بہت طاقتور سیاسی جماعت بن کر ابھر ہے جس کا اگلا نشانہ علاقہ تلنگانہ ہے اور پوری شدت کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی نے عملاً انتخابی تیاری شروع کر دی ہے ۔ یوپی کے نتائج کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین اور کارکنوں میں ایک نیا جوش و ولولہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ اور آثار و قرائن بھی اس بات کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج حیران کن ثابت ہوسکتے ہیں اس لئے کہ بہت ہی منظم طریقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے متحدہ ضلع عاد ل آباد کے دس اسمبلی حلقہ جات اور پارلیمانی حلقہ کے لئے اپنے امیدواروں کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے بموجب حلقہ لوک سبھا عادل آباد جو محفوظ برائے ایس ٹی ہے اور ایک انتہائی اہم عہدہ پر فائز قبائیلوں میں بہت زیادہ معروف موجودہ انکم ٹیکس آفیسر مسٹر پرکاش راتھوڑ کو بھارتیہ جنتاپارٹی اپنی امیدوار بنانے کی تیاری کرچکی ہے ۔ ایک تو ایک نشست قبائیلوں کے لئے محفوظ ہے دوسرا پرکاش راتھوڑ برسوں سے سرکاری ملازمت کے باوجود قبائیلوں میں فلاحی تعلیمی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قدآور قائدین نے انہیں اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرکاش راتھوڑ نے بھی رضامندی ظاہر کر دی ۔ دریں اثناء سید جلیل ازہر نمائندہ سیاست نے پرکاش راتھوڑ سے فون پر ربط قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ میں نے زندگی میں غربت کی سطح دیکھی ہے اور ایک بے بس مجبور انسان کی زندگی کیسے گذرتی ہے اس کا مجھے اندازہ ہے یہی سبب ہے کہ میں ملازمت کرتے ہوئے برسوں سے ہر ماہ وقت نکال کر غریب عوام کی خدمت کرتا آرہا ہوں میں ذہنی طور پر تیار ہوچکا ہوں کے عوام کی سچی خدمت سیاسی پلیٹ فارم سے کی جائے تو اور بھی زیادہ کام کر سکوں گا ۔ یہ طئے ہے کہ میںآئندہ عام انتخابات میں لوک سبھا عادل آباد سے مقابلہ کے لئے تیاری شروع کر رہا ہوں ۔ نمائندہ ’’سیاست‘‘ کے اس سوال پر کے کیا آپ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ہوں گے ؟ پرکاش راتھوڑ نے کہا کہ الیکشن لڑنا طئے ہے کچھ وقت دیجئے میں پارٹی کے تعلق سے بھی واضح کروں گا ۔ ان کا جواب کچھ بھی ہو سیاسی حلقوں میں یہ بات گشت کر رہی ہے کہ پرکاش راتھوڑ بھارتیہ جنتا پارٹی سے حلقہ لوک سبھا عادل آباد کے لئے امیدوار ہیں جبکہ حلقہ اسمبلی مدھول سے ڈاکٹر راما دیوی ‘ اورحلقہ عادل آباد سے مسٹر پانیل شنکر ‘ بھارتیہ جنتاپارٹی کے امیدوار یقینی ہے ۔ مزید اسمبلی حلقہ کے لئے پارٹی امیدواروں کی تلاش شروع کرتے ہوئے دیہی سطح سے پارٹی کیڈر کو تیار کرنے میں مصروف ہوگئی ہے ۔ آئندہ حالات کیا ہوں گے یہ وقت ہی بتائے گا ۔