بھارتیہ جنتا پارٹی، یہودیوں کی دیرینہ دوست

نیویارک۔ 18؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکہ کے یہودیوں کے ایک بااثر گروپ نے کہا کہ بی جے پی، یہودیوں کی دیرینہ دوست پارٹی ہے۔ اس گروپ نے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کو ان کی شاندار انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔ امریکی یہودی کمیٹی (اے جے سی) نے کہا کہ انھوں نے ماضی کی ہندوستانی حکومتوں کے ساتھ برسوں تعلقات کو برقرار رکھا ہے۔

پارٹی کی شناخت سے بالاتر ہوکر یہودیوں نے ہندوستانی حکومتوں کے ساتھ اپنے دوستانہ روابط کو فروغ دیا ہے، دونوں جانب کے مشترکہ مفادات اور تعلق خاطر کام کیا ہے۔ ڈائریکٹر اے جے سی برائے ایشیاء پیسفک انسٹی ٹیوٹ سائیرا لیونبرگ نے کہا کہ ہم اب نریندر مودی کے ساتھ بھی کام کرنے کے متمنی ہیں۔ نئی حکومت سے اچھے روابط پیدا ہوں تو تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو وسعت و مضبوطی ملے گی۔ لیونبرگ نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی، اسرائیل اور یہودیوں کی دیرینہ دوست ہے۔ اس گروپ نے کہا کہ ان کے قریبی تعلقات کو مزید مضبوطی ملے گی۔

ہندوستان کی متحرک یہودی برادری سے بھی اس گروپ کے قریبی تعلقات ہیں۔ نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے 150 یہودیوں کے بشمول ہندوستان میں مقیم تقریباً 4,500 یہودیوں کا ہم سے رابطہ ہے۔ امریکی یہودی کمیٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ بی جے پی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے ہندوستان کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اس پر ہم تمام قائدین کو مبارکباد دیتے ہیں۔