اورنگ آباد۔ یکم اگست ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے دور اقتدار میں صرف نوٹ بندی کا ناٹک کیا گیا اور کالا دھن واپس ہی نہیں آیا ،کسانوں کا برا حال کر دیا گیا، انشورنس سیکٹر کی رقم امبانی کو دی گی،بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا گیا، اس طرح کے خیالات کا اظہار یہاں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے ‘بھاجپ ہٹاو- دیش بچاو ‘ نعرے کے ساتھ شروع کی گئی ملک گیر مہم کا آغاز کے موقع پر پارٹی کے ریاستی رکن کامریڈ رام باہوتی اور ضلع سیکریٹری کامریڈ اشفاق سلامی نے کیا۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی جانب سے یکم اگست سے 14 اگست تک عوامی بیداری کیلئے ‘بھاجپ ہٹاؤ۔ دیش بچاؤ ‘ نعرے کے ساتھ ملک گیر مہم کا آغاز کیاگیا۔ آج اورنگ آباد میں اس موقع پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں یہ معلومات دیتے ہوئے کامریڈ رام باہوتی اور کامریڈ اشفاق سلامی نے بتایا کہ اس دوران مختلف مقامات پر عوامی بیداری پروگرام منعقد کرکے انھیں موجودہ حکومت کے دور میں عوام کے برے حال اور انھیں ہو رہی مشکلات اور پریشانیوں سے واقف کرایا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ اس وقت ملک کی صورتحال بہت خراب ہے ۔