حیدرآباد۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) سعیدآباد چمپا پیٹ میں پیش آئی سنسنی خیز قتل کی واردات میں ری کریئیشن کلب کے پروپرائٹر کا خود اسی کے بھائی نے بیدردی سے قتل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب 50 سالہ آر سرینواس عرف بابو جو بی ایس این ایل کا ریٹائرڈ ملازم اور ونئے نگر بی ایس این ایل کوارٹرس میں مقیم تھا۔ بابو چمپاپیٹ میں واقع فرینڈس کلچرل اینڈ ری کریئیشن کلب چلایا کرتا تھا اور اس کے بڑے بھائی سبھاش سے اپنے آبائی مکان واقع کرما گوڑہ مادناپیٹ پر تنازعہ چل رہا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ بابو آج کلب کے قریب اپنے دوستوں کے ہمراہ بیٹھا تھا کہ سبھاش اور اس کے چار ساتھی بشمول دھرمیندر بات کرنے کے بہانے اسے قریب میں واقع بھاسکر وائنس پر لے گئے اور بحث و تکرار کے بعد بابو کو سبھاش اور اس کے ساتھیوں نے اسے ڈھکیل کر نیچے گرا دیا اور بعدازاں تیز دھاری والے ہتھیاروں سے اس کے سینے اور پیٹ پر پے در پے وار کئے جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملک پیٹ مسٹر سی ایچ سدھاکر اور ملک پیٹ ڈیویژن کی کلوز ٹیم مقام واردات پر پہنچ گئی اور قتل میں استعمال کئے گئے خنجر اور دیگر ہتھیاروں کو ضبط کرلیا۔ قتل کے بعد سبھاش اور اس کے ساتھی وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ سعیدآباد پولیس نے قتل کا ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا۔